پشاور(آن لائن ) پشاور ہائی کورٹ نے احتساب کمیشن کوعوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کی خاتون رہنما سینٹر ستارہ ایاز کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے اور احتساب کمیشن اور نیب سے28اکتوبر کو جواب طلب کر لیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روزسینٹر ستارہ ایاز کی طرف سے احتساب کمیشن کی طرف سے جاری وارنٹ گرفتاری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی ہے ،کیس کی سماعت جسٹس ارشاد قیصر اور جسٹس افسر شاہ پر مشتمل بینچ نے کی ہے ،ہائی کو رٹ میں دائر درخواست میں ستارہ ایاز کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب کمیشن کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں اور احتساب کمیشن اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہا ہے احتساب کمیشن میں خواتین کا کوئی سیل نہیں لہذا گرفتار ی سے روکا جائے ،عدالت میں احتساب کمیشن کے وکیل نے بھی دلائل دیئے ہیں ہائی کورٹ نے دنوں فرقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب کمیشن کو ستارہ ایاز کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے اور خواتین سیل نہ ہونے پر صوبائی احتساب کمیشن اور نیب سے 28اکتوبر کو جواب طلب کر لیا ہے ،واضح رہے کہ سینٹر ستارہ ایاز کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے اور وہ خیبر بختونخوا حکومت میں وزیر بہبود آبادی بھی رہے چکی ہیں احتساب کمیشن نے کرپشن کے الزام میں انکے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔