اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے بانی کے دونوں بیٹے، قاسم اور سلیمان، اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کی ہدایت پر امریکا سے لندن واپس چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق جمائما نے اپنے بیٹوں کو ایک بار پھر پاکستان کا سفر کرنے سے روک دیا ہے، تاکہ انہیں اپنے والد کی بہنوں اور قریبی رشتہ داروں سے لاحق ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں موجود تحریک انصاف کی قیادت اس بات پر مایوس ہے کہ امریکا میں قیام کے دوران قاسم اور سلیمان کو پارٹی کے مقامی حلقوں، امریکی حکام یا حمایتی لابی کی طرف سے کوئی خاص پذیرائی نہیں ملی۔
اس سرد مہری نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو شدید مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے۔امریکا میں تحریک انصاف کے مختلف گروپس اب ایک دوسرے پر اس ناکامی کا الزام ڈالنے لگے ہیں۔ “جنگ” اور “دی نیوز” کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سے کچھ ایسے افراد جن کا جمائما گولڈ اسمتھ سے ذاتی رابطہ ہے، انہوں نے خاتون کو خبردار کیا کہ قاسم اور سلیمان کو ممکنہ خطرہ ریاستی اداروں کے بجائے تحریک انصاف کے بانی کی قریبی خواتین رشتہ داروں سے ہو سکتا ہے۔
ان ذرائع کے مطابق ان خواتین نے جمائما کو کبھی دل سے قبول نہیں کیا اور نہ ہی ان کے بچوں سے کوئی خاص انسیت کا اظہار کیا۔تحریک انصاف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی بانی کی رہائی کے لیے جن عوامی مظاہروں اور تحریک کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ غیر یقینی کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔ قاسم اور سلیمان کی ممکنہ آمد کو اس مہم کا ایک اہم پہلو سمجھا جا رہا تھا، اور اب ان کی غیر موجودگی نے پارٹی کے اندر گہری مایوسی کو جنم دیا ہے۔پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر اہم رہنماؤں کے حالیہ بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بھی صورتحال سے خاصے نالاں ہیں۔ انہیں اس بات کا شدید اندیشہ ہے کہ جلد ہی وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں موجود تحریک انصاف کے متعدد ارکان کو گرفتار کر لیا جائے گا، جس سے پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں مزید متاثر ہو سکتی ہیں۔