اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات تسلی بخش اور درست سمت میں گامزن ہیں،پاکستان ایک ذمے دار جوہری ریاست ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے امریکا کے دورے پر روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات میں مزید وسعت چاہتے ہیں، ایک خود مختار ریاست کے طور پر ہماری جمہوری اقدار ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا مثالی کردار ادا کیا، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پاکستان کے عزم کی دلیل ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے ملک میں امن و خوشحالی کے ساتھ خطے کے امن کیلیے لڑ رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار جوہری ریاست ہے، جس کے جوہری اثاثے فول پروف انتظامات کے تحت محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پاکستان کی جوہری طاقت بیرونی جارحیت کے خلاف اور اپنی سلامتی کیلیے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ملکوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔خطے کے تمام ملکوں کیساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں۔