اسلام آباد (نیوزڈیسک)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مذاکرات میں دفاعی شعبے سمیت متعدد باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے ،قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیںہوگا۔ سرکاری ریڈیو کے مطابق مشیر خارجہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ دورہ امریکہ کے دوران فریقین متعدد باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ فریقین کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ مشیر خارجہ نے بتایا کہ صدر اوبامہ اور نواز شریف کی ملاقات میں افغانستان کی صورتحال بھی زیر غورآئے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر افغان حکومت خواہشمند ہو تو پاکستان طالبان اور افغان حکام کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا دور کرانے کیلئے تیار ہے۔