اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں مئی کے مہینے میں درجہ حرارت نے پچھلے تمام ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق العین کے علاقے سویحان میں درجہ حرارت 51.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو گزشتہ 16 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔
سرکاری موسمیاتی مرکز کے مطابق اس سے ایک روز قبل ابوظبی میں بھی درجہ حرارت 50.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے کہیں زیادہ ہے۔محکمے نے واضح کیا ہے کہ اس سے پہلے مئی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 2009 میں 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو اب پیچھے رہ گیا ہے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یو اے ای بھی ان ممالک میں شامل ہو چکا ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے شدید طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔ اس غیر معمولی گرمی کو ماحولیاتی خطرات کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔