اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابقہ چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی کے بولنگ کوچ مشتاق احمد نے ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی کارکردگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے ان کی ناکامی کی وجہ بتا دی۔
مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کو انجری سے واپسی کے فوراً بعد براہ راست پی ایس ایل جیسے بڑے ایونٹ میں شامل کرنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب کوئی کھلاڑی چوٹ کے بعد واپسی کرتا ہے تو اسے صرف نیٹ پر پریکٹس کروانا کافی نہیں ہوتا، بلکہ اسے میچ کی صورت میں مکمل تیاری کا موقع ملنا چاہیے۔‘‘
ان کے مطابق، بہتر یہ ہوتا کہ صائم ایوب کو لیگ سے قبل چند کلب میچز کھلائے جاتے یا ٹیم کی جانب سے خصوصی پریکٹس میچز کا انتظام کیا جاتا، تاکہ وہ دوبارہ اپنی فارم اور ردھم حاصل کر سکتے۔ بدقسمتی سے ایسا ممکن نہ ہو سکا۔
صائم ایوب، جنہیں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران ٹخنے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، طویل غیر حاضری کے بعد جب پی ایس ایل میں واپس آئے تو انہوں نے پہلا میچ شاندار انداز میں کھیلا اور نصف سنچری بنائی۔ مگر اس کے بعد سے ان کی بیٹنگ مکمل طور پر خاموش دکھائی دے رہی ہے۔ حالیہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف وہ صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
یاد رہے کہ انجری کے باعث صائم ایوب نہ صرف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بلکہ دورۂ نیوزی لینڈ کے اسکواڈ کا بھی حصہ نہیں بن سکے تھے۔