اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں اس سال عید الاضحیٰ کا موقع ایک طویل ویک اینڈ میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ فلکیاتی اندازوں کے مطابق امکان ہے کہ عید الاضحیٰ جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی، جبکہ یومِ عرفہ جمعرات 5 جون کو ہوگا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اماراتی ماہرِ فلکیات اور فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ، ابراہیم الجروان نے پیش گوئی کی ہے کہ ذوالحجہ کا چاند 27 مئی بروز منگل کو طلوعِ سحر کے بعد نظر آنے کی توقع ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو 28 مئی بروز بدھ ذوالحجہ کی پہلی تاریخ ہوگی، اور یوں عید الاضحیٰ 10 ذوالحجہ کو یعنی 6 جون بروز جمعہ منائی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پہلے ہی 5 جون کو یومِ عرفہ اور 6 تا 8 جون تک تین روزہ سرکاری تعطیلات کی منظوری دے دی ہے، جو کہ سرکاری و نجی دونوں شعبوں پر لاگو ہوں گی۔
تاہم، عید کی حتمی تاریخ چاند کی رویت پر منحصر ہوگی، جس کی تصدیق سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی سرکاری رویت ہلال کمیٹیاں کریں گی۔