اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسٹارلنک کو فی الحال سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے لائسنس جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بعض شرائط پوری نہ ہونے کے باعث کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اسٹارلنک کی پاکستان میں سروسز کی شروعات مزید مؤخر ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے نے لائسنس کے اجرا کو پاکستان اسپیس ایکٹویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) کے ساتھ کمپنی کی مستقل رجسٹریشن سے مشروط کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں 21 مارچ کو پی ایس اے آر بی کی جانب سے اسٹارلنک کو عارضی رجسٹریشن دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیس ریگولیٹری بورڈ اس وقت اسٹارلنک کی مستقل رجسٹریشن کے لیے تمام تکنیکی و قانونی امور کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے تاکہ ملکی قوانین اور ریگولیشنز سے ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ تمام پیش رفت پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے مستقبل کے حوالے سے اہم سمجھی جا رہی ہے، تاہم فی الوقت اسٹارلنک کو لائسنس کے اجراء میں تاخیر کا سامنا ہے۔