اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترکی سے تعلق رکھنے والی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ڈیجیٹل کریئیٹر ترکاں آتائے نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی پر ادائیگی سے متعلق سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔
ترکاں آتائے، جو پاکستان میں تعلیم حاصل کر چکی ہیں اور اردو زبان میں ویڈیوز بنا کر شہرت حاصل کر چکی ہیں، اب ایک نئے تنازعے کے باعث خبروں میں آ گئی ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دعویٰ کیا ہے کہ ماریہ بی نے ترکی میں ہونے والے ایک فوٹو شوٹ کے بعد ان کی مکمل معاوضہ رقم ادا نہیں کی۔
ویڈیو میں ترک انفلوئنسر نے کہا کہ انہوں نے پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا، تاہم معاہدے کے مطابق انہیں مکمل ادائیگی فراہم نہیں کی گئی، جس سے وہ سخت مایوس ہیں۔ ترکاں کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتیں اور اس لیے حقائق عوام کے سامنے لانا ضروری سمجھتی ہیں۔
اس تنازعے نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے، اور صارفین مختلف رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ فی الحال ماریہ بی یا ان کے برانڈ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔