ایرانی لوگ کیسے ہیں(آخری حصہ)
ایران کا دوسرا کمال سیاحت ہے‘ میں 120 ملک گھوم چکا ہوں‘ میرے اس تجربے کی وجہ سے ہرحکومت مجھ سے پاکستان کی ٹورازم ڈویلپ کرنے کا نسخہ مانگتی ہے‘ میرا صرف ایک جواب ہوتا ہے آپ جب تک لوکل ٹورازم ڈویلپ نہیں کریں گے اس وقت تک باہر سے سیاح نہیں آئیں گے‘ ایران پر اقتصادی پابندیاں ہیں‘ وہاں یورپ اور امریکا سے کوئی شخص نہیں آتا لیکن اس کے باوجود ان کی ٹورازم ٹھیک ٹھاک ہے‘ اس کی وجہ لوکل ٹورازم ہے‘ یہ لوگ ملک کے اندر سفر کرتے رہتے ہیں جس سے ان کی ہوٹل‘ ریستوران اور شاپنگ کی انڈسٹری چل رہی ہے‘ چھٹیوں کے دنوں میں ہائی ویز‘ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں جگہ نہیں ملتی‘ ہم بھی اگر اپنی سیاحتی انڈسٹری کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں تو ہمیں لوکل ٹورازم پر توجہ دینی ہو گی‘حکومت کو چاہیے یہ ہوٹلوں اور ریستورانوں کے لیے باقاعدہ پالیسی بنائے‘ ہر شہر میں سیاحتی مقامات کے لیے جگہیں مختص کر دے اورسرمایہ کاروں کی ان جگہوں پر تعمیرات کے لیے حوصلہ افزائی کرے‘ہماری سیاحت چند برسوں میں قدموں پر کھڑی ہو جائے گی‘ ایران میں لاء اینڈ آرڈر بہت اچھا ہے‘ سٹریٹ کرائمز اور ہراسانی کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں چناں چہ لوگ ہر شام گھروں سے باہر نکلتے ہیں جس کی وجہ سے کافی شاپس‘ چائے خانوں اور ریستورانوں کی انڈسٹری چل رہی ہے‘ ہم بھی یہ کر سکتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ گھروں سے باہر نکلیں‘ اس سے بھی معاشی پہیہ چل پڑے گا‘ حکومت رات آٹھ بجے شاپنگ سنٹر بند کرا دے لیکن ریستوران اور کافی شاپس رات دو بجے تک کھلی رہیں‘ اس سے سماجی اور اقتصادی دونوں تبدیلیاں آئیں گی۔ ایرانی بھی پاکستانیوں کی طرح غیر مطمئن لوگ ہیں‘ ہم جس طرح ہر حکومت اور ہر نظام کے خلاف ہیں‘ ہم جمہوری ادوار میں فوج کو یاد کرتے ہیں اور جب فوج آ جاتی ہے تو ہم جمہوریت کی بحالی کی تحریکیں شروع کر دیتے ہیں بالکل اسی طرح ایرانی بھی ہر نظام کے خلاف ہیں‘ ان لوگوں نے بڑی قربانیوں سے شاہ ایران سے جان چھڑائی لیکن یہ اب دوبارہ شاہ کے زمانے کی آزادیوں کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں‘ یہ ملک میں رقص خانے (ڈسکوز)‘ شراب خانے اور مکمل یورپی لباس چاہتے ہیں‘ میرا مشاہدہ ہے یہ لوگ جس دن اس میں کام یاب ہو جائیں گے یہ اگلے ہی دن دوبارہ اسلامی انقلاب کے لیے مارچ شروع کر
دیں گے‘ ایران اور پاکستان کے لوگوں میں یہ عادت کامن ہے۔
مجھے چند ایرانی گھروں میں بھی جانے کا اتفاق ہوا‘ مشہد میں آرکی ٹیکٹ علی نصیری کے گھر گیا‘ ان کی بیگم ملیحہ تجعفری مصورہ ہیں اور یہ دونوں میاں بیوی مل کر کام کرتے ہیں‘ ایرانی گھر اندر سے صاف ستھرے لیکن سادہ ہوتے ہیں‘ ان کا گھر پرانے محلے میں تھا‘ یہ باہر سے عام سے دکھائی دیتا تھا لیکن اندر سے وسیع اور خوب صورت تھا‘ ان کے ساتھ بہت گپ شپ ہوئی‘ خواتین گھر میں حجاب نہیں لیتیں‘ یہ مردوں کے ساتھ بیٹھ کر گپ شپ کرتی ہیں‘ یہ عادت ثابت کرتی ہے ان کی خواتین بااعتماد اور تگڑی ہیں‘ ماڈرن لوگ بچے پیدا نہیں کرتے اور اگر کرتے ہیں تو ان کے بچے ایک یا دو سے زیادہ نہیں ہوتے جب کہ پاس داران انقلاب کے پانچ سے سات بچے ہوتے ہیں‘ اس وجہ سے ایران میں ماڈرن لوگ سمٹتے اور مذہبی بڑھتے چلے جا رہے ہیں‘ان دونوں میاں بیوی کی بھی ایک بیٹی تھی‘ مجھے حسین باقری کے گھر جانے کا موقع ملا‘ حسین کا بھی صرف ایک بیٹا ہے تاہم ان کی بیگم کے ماموں اپنے بچوں کے ساتھ آئے‘ ان کے دو بچے تھے‘ حسین باقری کی بیگم الہام بہت اچھا کھانا بناتی ہیں‘ میں نے ان کے کھانے اور باتوں دونوں کو انجوائے کیا‘ایرانی گھروں کے اندر کا ماحول اچھا ہوتا ہے‘ یہ لڑتے جھگڑتے نہیں ہیں بالخصوص کھانے کے دوران اختلافی گفتگو نہیں کرتے‘ پورے ایران میں کھانا بنانے اور کھلانے کی روایت ہے‘ یہ روایت ریستورانوں میں بھی ہے لہٰذا ویٹرز اور کک دل سے سروس دیتے ہیں‘ مجھے ایران کے دونوں وزٹس کے دوران 25 مختلف ریستورانوں پر کھانا کھانے کا موقع ملا‘ کسی ریستوران کا کھانا برا نہیں تھا اور کسی ویٹر کی سروس خراب نہیں تھی اور یہ لوگ یہ کام ٹپ کے لالچ کے بغیر دل سے کرتے ہیں‘ ڈرائی فروٹ اور چائے بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں‘ آپ کسی جگہ چلے جائیں آپ کو میز پر تازہ پھل‘ ڈرائی فروٹس اور دودھ کے بغیر چائے ملے گی‘ چائے ترکی سٹائل کی ہوتی ہے‘ یہ پتی کو پانی میں ڈال کر مسلسل پکاتے ہیں اور پھر اس میں گرم پانی ڈال کر دودھ کے بغیر پیتے ہیں‘ چینی ڈلیوں کی شکل میں ہوتی ہے‘ مہمان چینی کے کیوب اٹھا کر منہ میں رکھ لیتا ہے اور اوپر سے چائے کا گھونٹ بھرتا رہتا ہے یوں چینی تھوڑی تھوڑی منہ میں گھلتی رہتی ہے‘ ہر شہر کی کوئی نہ کوئی لوکل ڈش ضرور ہے اور یہ عموماً صرف اسی شہر سے ملتی ہے مثلاً شیراز کا حلوہ بہار نارنج اور غم برپلو بہت مشہور ہیں‘ غم برپلو شیرازی پلائو ہے جس کے بارے میں مشہور ہے یہ غم اور ٹینشن دور کر دیتا ہے جب کہ حلوہ زعفران سے بنتا ہے اور یہ واقعی لاجواب ہے‘ اصفہان کی بریانی اور خورشتہ مست(یہ زعفران اور گوشت کے ذریعے بنائی جاتی ہے اور بے انتہا لذیذ ہے) پوری دنیا میں مشہور ہیں جب کہ مشہد کے چلو کباب‘پلوما ھیچہ شاندیز کا شیشلک کباب‘ تہران کا بکلائو پلائو(اس میں چاول‘ لوبیا اور گردن کا گوشت ہوتا ہے) اور قم کا سوہان حلوہ (سوہن حلوہ) لاجواب ہیں‘ کاشان کی سبزیاں بھی انتہائی لذیذ ہوتی ہیں۔
ایران میں لوگ جوتے لے کر گھروں میں داخل نہیں ہوتے‘ یہ اس معاملے میں جاپانی ہیں‘ فرشوں پر قالین بچھانے کا بہت رجحان ہے‘ خواتین انتہائی سلیقہ شعار‘ مہذب اور مہمان نواز ہیں‘ ایرانی لوگ اپنے ملک سے بہت محبت کرتے ہیں‘ یہ ایران کے خلاف بات نہیں سنتے‘ امریکا کے خلاف ہیں لیکن امریکی مصنوعات بہت پسند کرتے ہیں‘ مردوں کو گھڑیاں باندھنے اور عورتوں کو ہلکے زیور پہننے کا شوق ہے‘ لوگوں کو محاورے بہت یاد ہوتے ہیں‘آپ جس شخص سے بات کریں وہ محاورے میں جواب دے گا۔ ایران میں کھلے عام تھوکنا جرم ہے‘ مجھے پورے ملک میں کسی جگہ لوگ تھوکتے نظر نہیں آئے جب کہ یہ ہماری قومی عادت ہے‘ ایران میں ڈکار لینا ناپسندیدہ ترین فعل ہے‘ یہ ڈکارلیتے شخص کو دیکھ کر میز سے اٹھ جاتے ہیں‘ واش روم زیادہ تر انڈین ہیں اور ہمیں ان کے استعمال میں بہت دقت ہوتی رہی‘ دوسرا یہ واش رومز میں ٹوائلٹ پیپرز نہیں رکھتے لہٰذا آپ جب بھی ایران جائیں جیب میں ٹشو پیپر رکھ کر ہوٹل سے نکلیں کیوں کہ آپ کو اکثر پبلک ٹوائلٹس میں ٹشو پیپر نہیں ملے گا‘ ایران میں جب لڑکے کی عمر اٹھارہ سال ہو جاتی ہے تو اس کے پاس دو آپشن ہوتے ہیں‘ یونیورسٹی یاملٹری سروس‘ ایران میں ملٹری سروس لازم ہے‘ اس کے بغیر پاسپورٹ نہیں بن سکتا اور نہ کوئی شخص جائیداد خرید سکتا ہے اور نہ شادی کر سکتا ہے‘ یونیورسٹی تعلیم کے بعد بھی نوجوان کو ملٹری سروس کرنا پڑتی ہے‘ یہ لوگ ایران پاکستان بارڈر کی ملٹری ٹریننگ یا تعیناتی کو انتہائی مشکل اور برا سمجھتے ہیں کیوں کہ وہاں سمگلنگ کی وجہ سے اکثر گولی چلتی رہتی ہے اور لوگ مرتے رہتے ہیں‘ اگر کسی ایرانی کے تین بچے ہوں تو اسے ملٹری سروس سے استثنیٰ مل جاتا ہے اور اگر بچے دو یا ایک ہو تو اسے ملٹری ٹریننگ کے لیے شہر نہیں بھیجا جاتا‘ یہ اپنے شہر میں فوجی خدمات سرانجام دیتا ہے‘ زیادہ کھانے کی وجہ سے 40 فیصد آبادی شوگر کی مریض ہے‘ مسجدوں میں چندے باکس لگے ہیں جن میں لوگ رقم ڈالتے رہتے ہیں‘ ایران میں قرآن مجید ترجمے کے بغیر نہیں چھپ سکتا لہٰذا زیادہ تر لوگ قرآن فہم ہیں‘ یہ اپنی روز مرہ کی زبان میں آیات کے حوالے دیتے رہتے ہیں‘ ملک کے اندر شیعہ سنی اختلاف نظر نہیں آتا‘ میں نے مسجدوں میں سنیوں اور شیعوں کو اکٹھے نماز پڑھتے دیکھا اور کسی کو کسی پر کوئی اعتراض نہیں تھا‘ ایران میں محرم کے دنوں میں گھوڑا نہیں نکالا جاتا‘ زنجیر زنی بھی نہیں ہوتی اور یہ زیادہ شدت کے ساتھ ماتم بھی نہیں کرتے‘ چھاتی پر ہلکے ہلکے ہاتھ مارتے جاتے ہیں اور ماتمی شعر پڑھتے جاتے ہیں‘ یہ ماتم کی پاکستانی اور بھارتی روایات پر حیرت کا اظہار کرتے ہیں‘ ایران میں روڈ ایکسیڈنٹ اور حادثوں میں اموات بہت ہیں‘ اس کی وجہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنا اور تیز بے احتیاط ڈرائیونگ ہے‘ تہران میں ٹریفک جام عام ہے‘ لوگ اپنے کارڈز کے ذریعے روزانہ صرف 50 ڈالر کے برابر خریداری کر سکتے ہیں‘ ہم بھی روز اپنے کارڈز میں صرف اتنی رقم لوڈ کرا سکتے تھے‘ مجھے اس کی وجہ سمجھ نہیں آئی‘ آپ اگر ایران جائیں تو پہلے کسی دوست سے ایرانی کریڈٹ کارڈ کا بندوبست ضرور کریں‘ کارڈ کے بغیر آپ ایران میں سروائیو نہیں کر سکیں گے‘ ایران میں پٹرول بہت سستا ہے‘ پچھلے سال تک 60 لٹر ٹیک کی گاڑی دوڈالر میں فل ہو جاتی تھی اور اگر آپ کے پاس گورنمنٹ کا کارڈ ہو تو یہ رقم ایک ڈالر ہو جاتی تھی‘ اس سال مہنگائی کی وجہ سے 60 لٹر پٹرول ساڑھے تین ڈالر تک آ گیا ہے لیکن اگر آپ کے پاس گورنمنٹ کا پٹرول کارڈ ہو تو یہ قیمت ساڑھے تین ڈالر سے دو ڈالر ہو جائے گی۔
ایران بہرحال دیکھنے کے لائق ملک ہے‘ آپ ضرور جائیں‘ آپ کو اچھا لگے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
-
پیٹرول کتنے روپے سستا ہوگا؟ وزیراعظم نے عوام کو خوشخبری سنا دی
-
ایرانی لوگ کیسے ہیں(پہلا حصہ)
-
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بارے حکومت کا بڑا اعلان
-
این ڈی ایم اے کا ممکنہ شدید گرمی کے پیش نظر الرٹ جاری
-
لاہو رکے علاقے ڈیفنس میں 2 سوشل میڈیا سٹارز لڑکیوں کے ساتھ مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ
-
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، وزیراعظم کا آج قوم سے خطاب متوقع
-
پانچ مرلہ کے گھر پر سنگل فیز میٹر لگانے پر پابندی عائد
-
750روپے کا پرائز بانڈ رکھنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
-
سونے کی قیمت میں حیران کن کمی
-
ہر بچے کا ’’ب فارم‘‘ اب ایک بار نہیں 3 بار بنے گا! نیا طریقہ کار متعارف
-
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی، سعودی عرب کا اہم بیان سامنے آگیا
-
پولیس حراست میں باپ بیٹے کی ہلاکت پر 9 اہلکاروں کو سزائے موت کی سزا
-
جائیداد رکھنے، خرید و فروخت کرنے والوں پر بڑی شرط عائد کرنے کی تیاری
-
ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ





















































