اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک کی معروف نیوز اینکر رابعہ انعم نے حالیہ انٹرویو میں اپنے صحافتی سفر اور پہلی تنخواہ کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے “جیو پوڈکاسٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے کیریئر، تجربات اور ساتھی اینکرز کے ساتھ کام کے حوالے سے یادیں تازہ کیں۔رابعہ انعم نے بتایا کہ انہوں نے 2012 میں جیو نیوز پر بطور نیوز اینکر کام کا آغاز کیا اور یہ سفر 2018 تک جاری رہا۔
اس دوران انہوں نے کئی مشہور اینکرز کے ساتھ کام کیا، جن میں جنید اور منصور علی خان قابلِ ذکر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنید کے ساتھ گزارا وقت سب سے زیادہ یادگار اور خوشگوار رہا، جبکہ منصور علی خان سے کام کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔جب ان سے جیو نیوز میں ملنے والی پہلی تنخواہ کے بارے میں پوچھا گیا تو رابعہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں انہیں 40 ہزار روپے تنخواہ کی پیشکش کی گئی، مگر انہوں نے تنخواہ میں اضافے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا، اور یوں ان کی پہلی تنخواہ 50 ہزار روپے مقرر ہوئی۔
انہوں نے اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کی شدت ایسی تھی جیسے “دل میں لڈو پھوٹ رہے ہوں”۔رابعہ انعم نے اپنی آخری تنخواہ کے بارے میں سوال پر مکمل تفصیل دینے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے اتنا ضرور بتایا کہ جب وہ جیو نیوز چھوڑ کر گئیں تو وہ ادارے میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی خاتون اینکر تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی ایسی کئی ساتھی اینکرز کو جانتی ہیں جو اس سطح کی تنخواہ نہیں پاتیں جیسی انہیں ملا کرتی تھی۔