اسلام آباد (نیوز ڈیسک)قصور میں تھانہ مصطفیٰ آباد پولیس نے فارم ہاؤس میں جاری غیرقانونی ڈانس پارٹی پر چھاپہ مار کر نشے کی حالت میں موجود متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی صدر افضل ڈوگر کی قیادت میں کارروائی کی گئی، جس کے دوران 30 مرد اور 25 خواتین کو رنگے ہاتھوں حراست میں لیا گیا۔ چھاپے کے دوران شراب کی بوتلیں، نشہ آور گولیاں، شیشہ اور ساؤنڈ سسٹم بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پکی حویلی کے نزدیک ایک فارم ہاؤس میں ڈانس پارٹی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں نشے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس ٹیم نے چھاپہ مارا۔
اس کارروائی میں فارم ہاؤس کے مالک کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جبکہ تمام ملزمان کے خلاف مختلف قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔