اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف نے کوٹلی آزاد کشمیر میں 102 میگاواٹ کے گل پور پن بجلی گھر کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ملک کو بجلی کے سنگین بحران کا سامنا ہے ہماری حکومت نے بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کیے اور لوڈشیڈنگ کو پہلے کی نسبت کافی حد تک کم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کا 33 فیصد کام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے اور تین سال میں اتنے بڑے منصوبے کومکمل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گل پور منصوبے سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی اورمنصوبے سے 102 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیداہوگی۔حکومت متعدد بجلی منصوبوں پر کام کررہی ہے جن کی تکمیل سے اضافی بجلی میسر ہوگی۔بجلی منصوبوں کی کم سے کم وقت میں تکمیل یقینی بنارہے ہیں۔واضح رہے کہ میراپاورگل پور پن بجلی منصوبے کو 4 سال میں مکمل کرے گی۔ منصوبہ کی صلاحیت 102 میگاواٹ ہوگی جبکہ منصوبہ دریائے پونچھ پر لگایا جارہا ہے جس پر 32 کروڑڈالر لاگت آئے گی۔