کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین پر دہشت گردوں کے حملے میں 3کمسن بچے شہید ہوگئے جبکہ فو رسز کی کارروائی کے دوران 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ منگل کو کوئٹہ سے پشاور جا نے والی جعفرایکسپریس پر ڈھاڈر کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کردیا دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹرین میں سوار3کمسن بچے شہید ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور دہشت گردوںکے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا ۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ابتک 4دہشت گرد مارے جاچکے ہیں ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود،سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے معصوم مسافروں جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی بھی ہیں، کو یرغمال بنا رکھا ہے،دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک کلیئرنیس آپریشن جاری رہے گا۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردوں کا معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کوشش ہے کہ تمام مسافروں، عورتوں اور بچوں کو دہشتگردوں کے چنگل سے بحفاظت چھڑایا جائے۔