لاہور(آن لائن)پنجاب کی مختلف جیلوں میں سابق وزیر اعلیٰ غلام حیدر وائیں کے قاتل سمیت چھ مجرموں کو تختہ دار پرلٹکا دیا گیا۔ لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ تفصیلا ت کے مطابق پنجاب کی مختلف جیلوں میں قید قتل کے چھ مجرم اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ سینٹرل جیل ملتان میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں کے قاتل کو تختہ دار پرلٹکا دیا گیا۔ مجرم زمان عرف زمانی نے 29 ستمبر 1993 کو سابق وزیر اعلیٰ غلام حیدر وائیں کو تلمبہ میں انتخابی مہم کے دوران ذاتی دشمنی پر قتل کیا تھا۔ غلام حیدر وائیں 1990 سے اپریل 1993 تک پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہے۔ ڈسٹرکٹ جیل ڈیرہ غازیخان میں قتل کے مجرم دو سگے بھائیوں کو پھانسی دی گئی۔ مجرموں نے 1996 ئ میں معمولی تنازعے پر دو افراد کو قتل کیا تھا۔ ڈسٹرکٹ جیل بہاولپور میں بھی دہرے قتل کے مجرم محمد حسن کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم نے 2005 میں ولی محمد اور اس کی والدہ کی جان لی تھی۔ کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انور شمیم نامی مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم نے معمولی تنازع پر اندرون شہر میں ایک شخص کو قتل کیا تھا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں دہرے قتل کے مجرم کو پھانسی دی گئی۔ مجرم نے مری کے علاقے گھوڑا گلی میں دو سگے بھائیوں کو قتل کیا تھا۔ پھانسی کی بعد مجرموں کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔