راولپنڈی (آن لائن)راولپنڈی کے علاقے دھمیال کے نواحی گاﺅں جوڑیاں میں حساس اداروں اور اہلیٹ فورس کے مشترکہ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک تین کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے جوابی کارروائی میں دو پولیس آفسر شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے ۔مرنے والے ایک دہشت گرد کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ سابق صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کے خودکش حملے میں ملوث تھا ۔ ذرائع کے مطا بق راولپنڈی میں دھمیال کے نواحی گاﺅںجوڑیاں کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی،آپریشن میں ایلیٹ فورس اور حساس اداروں نے بھی حصہ لیا ،دہشتگردوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تقریبا چار گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا اس دوران علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں گونجتی رہیں اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں حمیرا قیصر ، ملائکہ ، فیضان ، قیصر مصطفیٰ اور ایک بچہ محمد سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پرخود کش حملے میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا سب انسپکٹر ارشاد اور اے ایس آئی ابرار بھی شہید ہوگئے جبکہ محسن اور شاہد سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے، مقابلے کے دوران اڈیالہ جیل کی سکیورٹی بڑھا دی گئی اور جیل میں سائرن بھی بجا دیے گئے۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد محرام الحرم کے دوران شہر میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے ،زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق رہائشی علاقہ ہونے کی وجہ سے محتاط انداز میں آپریشن کیا گیا تاہم تقریبا ًچار گھنٹے بعد آپریشن مکمل کر لیا گیا ،آپریشن کے بعد رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، آپریشن کے بعد بعض مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ذرا ئع کے مطا بق دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھری گاڑی بھی برآمد کر لی گئی جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا یا ۔ دریں اثنا ءجس علاقے میں کارروائی کی گئی ہے وہ گاو¿ں قاسم ایئر بیس کے قریب واقع ہے۔پولیس کے مطابق یہ افراد علاقے کے امام مسجد کے گھر پر مقیم تھے۔ بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ایلیٹ فورسز اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو ایک گھر سے ان پر فائرنگ کی گئی۔فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا سب انسپکٹراور اے ایس آئی شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔جوابی کارروائی میں ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک اور تین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ زخمی ملزمان میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید نفری طلب کر لی ہے اور وہاں سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق سابق وزیرِ داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے قتل کے سلسلے گرفتار ہونے والے ایک ملزم کی نشاندہی پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق تاحال گرفتار اور مرنے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق شدت پسندوں نےاپنا لائحہ عمل تبدیل کرتے ہوئے اب ٹارگٹڈ شہروں سے متصل دیہاتوں میں رہائش اختیار کرنا شروع کی ہے تاکہ شہروں میں سکیورٹی فورسز کی تلاشی اور کارروائی سے بچ سکیں۔پولیس کے مطابق اب یہ لوگ خاندان کی صورت میں رہتے ہیں تاکہ پولیس کو شبہ نہ ہو۔