اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی سنیل گواسکر نے ایک حیران کن انکشاف کیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے بیٹسمین بننے کا سہرا پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر عمران خان کو دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1986 میں وہ ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم عمران خان نے انہیں بھارت کے خلاف 1987 میں ہونے والی ہوم سیریز تک کرکٹ جاری رکھنے پر آمادہ کیا، جس کی بدولت انہیں ایک سال مزید کھیلنے کا موقع ملا اور اس دوران وہ ایک ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
بھارتی میڈیا ادارے “نیوز 18” کے مطابق گواسکر نے 7 مارچ 1987 کو احمد آباد میں پاکستان کے خلاف ایک تاریخی لمحہ رقم کیا، جب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بنے۔ اس وقت وہ اپنے 124ویں ٹیسٹ میچ میں تھے۔ بعد ازاں، انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 13 سے 17 مارچ 1987 کے دوران بنگلور میں کھیلا۔ جب ان کا شاندار کیریئر ختم ہوا تو ان کے مجموعی ٹیسٹ رنز 10,122 ہو چکے تھے، جو انہوں نے 125 میچز میں بنائے۔
حالیہ دنوں میں گواسکر نے “ڈریسنگ روم” نامی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اس دلچسپ واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 1986 میں انگلینڈ کے دورے کے دوران وہ لندن میں ایک اطالوی ریستوران میں عمران خان کے ساتھ کھانے پر موجود تھے، جہاں انہوں نے عمران خان کو بتایا کہ وہ جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے ہیں۔ اس پر عمران خان نے فوراً انہیں روکنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا، “نہیں، نہیں، تمہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان بھارت کا دورہ کرنے والا ہے اور میں تمہیں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں، تمہارے بغیر بھارت کو ہرانے کا مزہ نہیں آئے گا۔”
گواسکر کے مطابق، اس وقت انہیں یقین نہیں تھا کہ پاکستان واقعی بھارت کا دورہ کرے گا، لیکن عمران خان نے انہیں یقین دلایا کہ آئی سی سی میٹنگ کے بعد جلد ہی باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ اس پر گواسکر نے کہا کہ اگر پاکستان کا دورہ یقینی ہو گیا تو وہ اپنی ریٹائرمنٹ ملتوی کر دیں گے، بصورت دیگر وہ اگلے ہی ٹیسٹ میچ کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ کچھ ہی دن بعد پاکستان کے دورے کا باضابطہ اعلان ہو گیا، جس پر گواسکر نے اپنا فیصلہ بدل دیا اور مزید ایک سال کرکٹ کھیلنے کا موقع پایا۔
سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کئی کھلاڑی 10 ہزار رنز بنانے کا کارنامہ انجام دیں گے، مگر جس طرح سر ایڈمنڈ ہلیری اور تینزنگ نورگے کو پہلی بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے، اسی طرح وہ بھی کرکٹ کی تاریخ میں 10 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے پہلے بیٹسمین کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔