اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – سندھ حکومت نے 19 فروری کو حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس روز تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 19 فروری، بروز بدھ، صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی تاکہ عوام عرس کی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔ اس کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ اور صوبے کی تمام ماتحت عدالتیں بھی اس روز بند رہیں گی، جبکہ وفاقی حکومت کے تحت کام کرنے والے ٹریبونلز میں بھی کام معطل رہے گا۔
حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز پیر کے روز ہو چکا ہے، جو تین دن تک جاری رہیں گی۔ ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مند سہون شریف پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ صوفی بزرگ کے مزار پر ہونے والی تقریبات میں دھمال، قوالی اور مختلف مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی، جبکہ زائرین کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔