ممبئی (این این آئی)انڈین شو کون بنے گا کروڑ پتی (KBC) سے شہرت پانے والے بہار کے سشیل کمار کو کون نہیں جانتا؟ 2011 میں KBC 5 میں 5 کروڑ جیتنے والے پہلے کنٹیسٹنٹ بننے کے بعد وہ ہر گھر میں مشہور ہو گئے تھے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دولت کی چمک دمک میں انہوں نے سب کچھ کھو دیا، نشے کی لت میں پڑ گئے، اور آخر کار دودھ بیچ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے۔KBC میں جیت کے بعد سشیل کمار کو ایک نئی پہچان ملی، وہ مہینے میں تقریبا 50 ہزار روپے کے مختلف پروگرامز میں شرکت کرتے، لیکن لوگوں نے انہیں دھوکہ دیا اور ان کی دولت کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا۔2020 میں سشیل کمار نے ایک فیس بک پوسٹ میں انکشاف کیا کہ دھوکہ دہی، شراب نوشی اور سگریٹ نوشی کی لت کی وجہ سے ان کی زندگی خراب ہو گئی۔
انہوں نے لکھا، KBC کے بعد مجھے صحیح اور غلط لوگوں میں فرق کرنا نہیں آیا۔ میری بیوی مجھ سے لڑنے لگی، دوستوں نے پیٹھ دکھا دی، اور میں نشے میں پڑ گیا۔ یہاں تک کہ میرے مالی حالات بگڑنے لگے اور میں نے گائے پال کر دودھ بیچنا شروع کر دیا۔یہ خبر میڈیا میں آگ کی طرح پھیل گئی، اور یہ مشہور ہو گیا کہ سشیل کمار کروڑ پتی سے فقیر بن گئے ہیں۔ اس کے بعد انہیں تقریبات میں بلانا بھی بند کر دیا گیا، اور ان کی زندگی میں ایک نیا موڑ آ گیا۔حقیقت میں KBC میں جیتنے کے بعد ٹیکس کٹنے کے بعد انہیں صرف 3.50 کروڑ روپے ملے تھے۔ 2023 میں سشیل کمار سرکاری اسکول میں نفسیات کے استاد منتخب ہوئے اور اب وہ نہ صرف تعلیم دے رہے ہیں بلکہ درخت لگانے کی مہم بھی چلا رہے ہیں۔