لاہور ( این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ نے 5960 کانسٹیبلز کی نئی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے لئے کانسٹیبلز بھرتی کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس کے تمام ریجنز میں انفورسمنٹ اتھارٹی کے لئے کانسٹیبلز کی بھرتی کے لئے پراسس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پنجاب پولیس تجاوزات کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کی انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت آپریشنز میں معاونت فراہم کرے گی جبکہ نوجوان پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کرکے ملک و قوم کی بے خوف حفاظت اور بے لوث خدمت انجام دیں۔