لاہور( این این آئی)شادی کی تقریب میں ناقص کھانا کھانے سے 200سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔لاہور کے علاقے خیابان امین کے رہائشی شہری سرفراز نے اپنی شادی کی تقریب کے لیے نجی مارکی ستوکتلہ میں بکنگ کروا رکھی تھی۔
تقریب میں مدعو کردہ 360 میں سے 200 سے زیادہ افراد کھانا کھانے کے بعد فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئے اور انہیں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جنرل ہسپتال میں داخل 9 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک اور وہ زیر علاج ہیں۔رائے ونڈ انڈس ہسپتال میں 27 افراد کو تشویشناک حالت میں منتقل کیا گیا۔شہری سرفراز نے الزام عائد کیا ہے کہ مارکی انتظامیہ نے انتہائی ناقص اور غیر معیاری کھانا فراہم کیا جس کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں مہمانوں کی حالت بگڑی، اس واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔