اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت سے مبینہ مایوسی اور گندم کے نرخوں کے بارے میں افواہوں کے بعد کسانوں نے گندم کی کھڑی فصل تباہ کرنا شروع کردی جس کی ویڈیوزبھی وائرل ہورہی ہیں جو بادی النظر میں فروری کے اوائل میں ہی اپ لوڈ کی گئی ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو ز تازہ بنائی گئی ہیں یا پرانی ویڈیوز کو شیئر کیاگیا۔
تفصیل کے مطابق نثار لغاری نامی فیس بک صارف نے ویڈیو شیئر کی جس کے کپشن میں لکھا گیا کہ “22 سو روپے کے حساب سے گندم بیچنے سے اچھا ہے کہ چارہ بنا کر اپنے جانوروں کو کھلائیں”۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص گندم کی فصل کاٹنے میں مصروف ہے جبکہ آواز میں سنا جاسکتا ہے کہ “گندم کا ریٹ کوئی نہیں،حکومت نے دینا بھی کچھ نہیں، اب کاٹنا شروع کردی ہے، ساری دنیا کو کہیں کہ کاٹ کر جانوروں کو ڈال دیں، گندم اچھی تھی لیکن گھر کے لیے چھوڑ کر باقی لوگ بھی اپنے جانوروں کو ڈال دیں”۔