اسلام آباد (نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹی 20 پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی ایک، ایک درجے تنزلی ہوئی ہے، تاہم دونوں کھلاڑی اب بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شرما نے 38 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ بابر اعظم ساتویں اور محمد رضوان نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین دوبارہ نمبر ون بولر بن گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید ایک درجہ نیچے جا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارت کے ورون چکرورتی تین درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر، جبکہ روی بشنوئی چار درجے بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کا کوئی بھی بولر ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔