اسلام آبا د(این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران علی محمد خان نے کہا کہ سیاستدان گولی نہیں چلاتے بات چیت کرتے ہیں، ہمارے دور میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے لانگ مارچ ہوئے لیکن کسی پر گولی نہیں چلائی۔انہوںنے کہاکہ ہاتھ میں بندوق تھامے گھوڑے پر بیٹھ کر پاکستان آزاد نہیں ہوا تھا، قائداعظم نے ملک سیاسی جدوجہد سے حاصل کیا تھا، آج کہتے ہیں قائداعظم دو تو کام ہوگا ہمیں شرم آنی چاہیے، ہم لوگ منافقت کب ختم کریں گے قوم کے لیے ہم کیوں اکٹھے نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ 16دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب ہم نے مغربی پاکستان کو حق نہیں دیا تو انہوں نے بنگلادیش بنایا، اگر ان کو حکومت بنانے دیتے تو کیا ہو جاتا؟رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پورا لاہور بے نظیر بھٹو کے لیے نکلا ہے یا بانی پی ٹی آئی کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للّٰہ ہمارے ہاتھ پر کسی کا خون تو نہیں، رینجرز کا شہید آپ کا ہی نہیں ہمارا بھی شہید ہے، ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے۔