اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی سیاست نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا، پہلے کہا تھا اگر ڈی چوک آئیں گے تو دھلائی ہوگی، گرفتاریاں ہوں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر فیصل واڈا نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے عمران خان کی سیاست پر آخری کیل ٹھونک دی، وہ لیڈر کہاں ہیں جنہوں نے کارکنان کو بلایا اور خود غائب ہوگئے۔
انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی سیاست نے بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو ختم کردیا، بشریٰ بی بی کا مفاد پورا ہوگیا، انہوں نے بانی کی سیاسی قبر کھود دی۔انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا،بشریٰ بی بی نے تباہی مچانی تھی، تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی گئی، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں پر پٹی بندھ گئی، وہ بیگم سے آگے کچھ نہیں دیکھ رہے۔فیصل واڈا نے کہاکہ پہلے ہی کہا تھا پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج پانی کا بلبلا ہے جو ختم ہوجائے گا،انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی خیبر پختونخوا چلے بھی جائیں تو گرفتار ہوں گے۔