واشنگٹن (این این آئی )امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان)کے اعلان کے مطابق سال 2023 میں فوج کے اندر خود کشی کے 523 کیسوں کا اندراج ہوا۔ یہ تناسب 2022 کے مقابلے میں 6% زیادہ ہے جب فوج میں خود کشی کے 493 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔عرب ٹی وی نے بتایاکہ پینٹاگان کے مطابق گذشتہ برس کے دوران میں عسکری اہل کاروں میں خود کشی کی شرح میں 12% اور ریزرو فوجیوں میں 8% اضافہ ہوا۔ اس کے مقابل نیشنل گارڈ کے اہل کاروں میں خود کشی کی شرح میں 5% کمی دیکھنے میں آئی۔
امریکی وزارت دفاع نے واضح کیا ہے کہ خود کشی کے ہر کیس پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔گذشتہ برس وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے امریکی فوج کے اندر خود کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے فوجی اہل کاروں کو نفسیاتی سپورٹ فراہم کرنے اور ان کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی تھیں۔آسٹن کے مطابق انھوں نے 2022 میں ایک خود مختار کمیٹی تشکیل دی تھی جس کا مقصد فوجی اہل کاروں میں خود کشی کے واقعات کی روک تھام کے لیے وزارت دفاع کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔