کراچی (این این آئی)کراچی سے لاہور جانے والی نجی ائرلائن کے طیارے میں فنی خرابی پیش آنے سے مسافروں کو زحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے احتجاج کیا۔جناح ٹرمینل ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی نجی ائرلائن کا طیارہ اڑان بھرنے کے لیے ٹیک آف پوائنٹ پر پہنچا تو انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی، جس پر کپتان طیارے کو واپس ریمپ پر لے آیا ۔
طیارے کو ریمپ پر واپس لانے کے بعد پرواز میں سوار مسافروں کو لانج منتقل کردیا گیا ۔ مسافروں نے زحمت پیش آنے پر ائرپورٹ پر احتجاج بھی کیا۔ نجی ائرلائن کی پرواز اتوار کی شب لاہور کے لیے روانہ ہونا تھی، تاہم فنی خرابی پیش آنے کے باعث پرواز منسوخ کردی گئی تھی ۔ مسافروں کو پیر کی صبح کی پرواز سے لاہور روانہ کیا جانا تھا، تاہم وہ بھی خراب ہو گئی، جس پر مسافروں کے احتجاج کے دوران عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔