اوکاڑہ(نیوز ڈیسک) اوکاڑہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کی این اے 144 میں بھی آج پولنگ ہورہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار علی عارف چودھری اور آزاد امیدوار چودھری ریاض الحق میں کانٹے کا مقابلہ ہے ، تحریک انصاف کے امیدوار اشرف سوہنا بھی ٹف ٹائم دینے کو تیار ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے علی عارف چودھری ، تحریک انصاف سے اشرف سوہنا اور پیپلزپارٹی سے چودھری سجادالحسن امیدوار ہیں۔آزاد امیدواروں میں چودھری ریاض الحق اور مہرعبدالستار شامل ہیں۔ چودھری ریاض الحق کا تعلق بھی مسلم لیگ نون سے ہے لیکن پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر وہ آزاد حیثیت میں سامنے آئے۔ انہیں مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف دونوں کے دھڑوں کی حمایت حاصل ہے جس کے باعث دوسرے امیدواروں کے مقابلے میں چودھری ریاض الحق کی حلقے میں پوزیشن خاصی مضبوط ہے،تین لاکھ سولہ ہزار ووٹرز اس حلقے سے اپنا نمائندہ چنیں گے۔ پاک فوج کی نگرانی میں پولنگ کا سامان حلقے میں پہنچادیا گیا ہے۔210 پولنگ سٹیشنز میں سے 25 کو حساس قراردیا گیا ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمرے اور چار فوجی جوان تعینات ہوں گے۔ضمنی انتخابات میں پہلی بار پولنگ سٹیشن کے اندر بھی فوجی جوان موجود ہوں گے۔ این اے 144 اوکاڑہ میں کامیابی کے دعوے تو سب امیدوار کررہے ہیں لیکن اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے علی عارف چودھری ، آزاد امیدوار چودھری ریاض الحق اور تحریک انصاف کے امیدوار اشرف سوہنا میں ہے۔