لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے ایک بار پھر حکومت میں آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے متعدد منصوبے 2017کے آخر تک مکمل ہوں گے جبکہ داسو اور دیامر بھاشا ڈیم ہمارے اگلے دور حکومت میں مکمل ہو گا،خلوص نیت سے عوام کی خدمت کی جائے تو باربار مینڈیٹ ملتا ہے۔ ہفتہ کو وزیراعظم نواز شریف نے میٹرو اورنج لائن ٹرین سے متعلق اجلاس میں شرکت کی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر حکومت سنبھالنے کا عندیہ دے دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری موجودہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے بے شمار منصوبے شروع کئے ہیں، جن میں سے متعدد منصوبے ہمارے رواں دور حکومت میں مکمل ہوں گے جبکہ دیامر اور بھاشا ڈیم ہمارے اگلے دور حکومت میں مکمل ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے پاکستان کے کھوکھلے نعرے لگانے سے مینڈیٹ نہیں ملتا بلکہ اگر خلوص نیت سے عوام کی خدمت کی جائے تو عوام باربار مینڈیٹ دیتی ہے