اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے گزشتہ روزامریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا دورہ کیااورامریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ویلش سے ملاقات کی‘پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ائر چیف مارشل سہیل امان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مسلح افواج کی کارروائیوں بالخصوص پاک فضائیہ کے شاندار اور کلیدی کردار سے آگاہ کیااوراس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے لعنت کو ختم کرکے دم لیں گی‘ ائیر چیف مارشل نے امریکی فضائیہ کے سربراہ کو بتایا کہ خطہ میں امن کے عمل کی کامیابی کا دارومدار پاکستان اور افغانستان کے درمیان مضبوط تعلقات پر ہے‘ انہوں نے زور دے کرکہا کہ پاک فضائیہ کی سلاحیتوں میں اضافہ اور مضبوطی کے لئے لڑاکا طیاروں ، جدید ہتھیاروں اور دوسرے سازوسامان کا اضافہ ضروری ہے‘جنرل مارک اے ویلش نے پاکستان ائر فورس کی شاندار پیشہ وارانہ کارکردگی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں کلیدی کردار کی تعریف کی ۔