ملتان (این این آئی)سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کسی کی گرفتاری کے حق میں نہیں ،نواز شریف سے جو باتیں ہونی تھیں ہو گئیں،آئینی ترمیم بارے ان سے پوچھیں جو لانے والے ہیں۔ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کسی کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں، ان حالات سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے،اگر بانی پی ٹی آئی کی حکومت تھی تب بھی ہم اس کے خلاف تھے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی حدود میں کام کریں ملک ترقی کی طرف جائے گا۔آئینی ترمیم دوبارہ لانے کے سوال پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ تو ان سے پوچھیں جو آئینی ترمیم لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا کسی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا، نواز شریف سے جو باتیں ہونی تھیں ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اوراقتصادی لحاظ سے کمزوریاں ہیں، ابھی بھی اطمینان کا ماحول نہیں پایا جاتا ،ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کے مطابق چلنا چاہئے۔