اسلام آباد(این این آئی) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 119گاڑیوں کے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق این ایچ اے کی 10 درجنوں گاڑیاں لاپتہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس میں سے این اے ایچ نے 5 گاڑیاں چوری یا گم ہونے کا اعتراف بھی دستاویز کے ذریعے کیا ہے مگر ان کی ایف آئی آر پیش نہیں کیں۔
آڈٹ کے مطابق 119 گاڑیاں این ایچ اے کے ریکارڈ میں نہیں پائی گئیں،این ایچ اے کی ملکیتی 119 گاڑیاں غائب ہونے سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا، آڈٹ نے مارچ تا اپریل 2019 کے دوران اس معاملے کی نشاندہی کی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے جواب دیا کہ 55 گاڑیاں 1996 ماڈل تک کی تھیں اور ان میں سے زیادہ تر نیلام ہو چکی تھیں، تاہم 119 گاڑیوں میں سے 29 گاڑیاں دستیاب ریکارڈ سے ٹریس آؤٹ ہوئیں جس سے نیلامی کے دعوے کی بھی تردید ہوگئی ، جواب قابل اعتبار نہیں تھا کیونکہ گاڑیوں کی نیلامی سے متعلق کوئی معاون دستاویز آڈٹ کو نہیں دیا گیا،نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے جواب دیا کہ پانچ گاڑیاں چوری یا گمشدہ تھیں لیکن ایف آئی آر کا متعلقہ ریکارڈ، نقصان کی ریکوری اور انکوائریوں کی فائنڈنگز فراہم نہیں کی گئیں۔