لاہور( این این آئی)معروف پاکستانی لکھاری خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اغوا ء اور ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا جس کا مقدمہ ان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق آمنہ نامی خاتون نے خلیل الرحمان قمر کو فون کر کے اپنے گھر بلایا تھا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں اور جب وہ خاتون کے گھر پہنچے تو مسلح افراد نے واردات کی اور انہیں اغوا کر لیا۔
خلیل الرحمان قمر نے اغوا کاروں کو بھاری رقم دی جس کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا، بعدازاں سندر پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کر لیا۔ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ملزمان خلیل الرحمان قمر پر تشدد کرتے رہے اور انہیں مختلف جگہوں پر گھماتے رہے، ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے رشتے داروں سے پیسے منگوانے کا کہا۔ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے خلیل الرحمان قمر سے موبائل، گھڑی، نقدی چھینی اور اے ٹی ایم کارڈ سے اڑھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کئے بعدازاں ملزمان آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر خلیل الرحمان قمر کو ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔