اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے مسیح شادی ترمیمی بل 2024ء کی منظوری دے دی جبکہ چائلڈ میرج امتناع ترمیمی بل 2024ء اور اسٹیٹ اون انٹرپرائزز گورننس اینڈ آپریشنز ترمیمی بل 2024 متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سحر کامران نے چائلڈ میرج امتناع ترمیمی بل 2024ایوان میں پیش کیا جسے سپیکرنے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔
اجلاس میں سٹیٹ اون انٹرپرائزز گورننس اینڈ آپریشنز ترمیمی بل 2024منظوری کیلئے پیش کیاگیاجس پر وزیر قانون نے کہا کہ اس میں کوئی ایسا ایجنڈا نہیںاس قانون کامطلب صرف اداروں کی کارگردگی کو بہتر بنانا ہے ،پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی نوید قمر نے بل قائمہ کمیٹی کی سپرد کرنے کی سفارش کردی جس پر بل کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔اجلاس کے دوران نوید عامر جیوا نے مسیح شادی ترمیمی بل 2024ء منظوری کیلئے پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا۔