کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے گرومندر کے قریب 5 بھائیوں کی گاڑی پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔ ویڈیو میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 حملہ آوروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ملزمان گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے آتے ہیں اور گرومندر کے علاقے میں پہنچ کر گاڑی کو گھیرے میں لے لیتے ہیں۔ویڈیو میں حملہ آوروں کو گاڑی کے چاروں اطراف فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرنے والے ملزمان کے چہرے بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے اطمینان سے فائرنگ کی، اس دوران گاڑی آہستہ سے خود بخود چلتی رہی، ملزمان واردات انجام دے کر باآسانی فرار ہو گئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح گرومندر چوک پر ایک کار میں سوار 5 بھائیوں پر 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے قاتلانہ حملہ کر دیا۔فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار 2 بھائی جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے جبکہ 1 بھائی محفوظ رہا۔دوسری جانب گرومندر پر کار پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے واقعے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کر لی۔گورنر سندھ کے ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے درمیان اس طرح کا واقعہ ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔