راولپنڈی (این این آئی)اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا ہونے شہری نے قید کے دوران اپنے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے حوالے سے مقدمہ درج کروا دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں ملزم سے مبینہ اجتماعی زیادتی کی گئی تھی، قیدی نے رہائی پانے کے بعد راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کروا دیا۔رپورٹ کے مطابق مدعی کو تھانہ شالیمار پولیس نے چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا، گرفتاری کے بعد متاثرہ شخص کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
مدعی مقدمہ نے الزام لگایا کہ سینٹرل جیل اڈیالہ میں قیدی ذاکر اللہ اور ساحل نے مل کر زیادتی کی، واقعہ 18 مئی 2024 کی رات گیارہ بجے پیش آیا۔مدعی مقدمہ نے کہا کہ ڈپٹی جیل سپرنٹینڈنٹ کو شکایت کی تو انہوں نے کہا صبح جیل سپرنٹینڈنٹ کے سامنے پیش کریں گے، اگلی صبح پیشی کی تاریخ مقرر تھی اور سزا پوری ہو نے پر رہا ہو گیا۔شہری کی درخواست پر تھانہ صدر بیرونی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔