اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)میں واپسی اب ناممکن ہے البتہ اگر مجھے نواز شریف کی ٹیلیفون کال آجائے تو ان سے ملنے چلا جائوں گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ میرے خلاف نیب میں مقدمہ عمران خان نے بنوایا اور یہ مقدمہ مجھ پر دبا ڈالنے اور گرفتار کرنے کے لیے بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے گرفتار کرنے کے لیے متعدد لوگوں کی زندگیاں برباد کیں لیکن نیب کیریفرنس کیخلاف آج تک اپیل نہیں کی کیونکہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ مجھے بری نہ کرو بلکہ کیس چلایا جائے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جاویداقبال آج بھی لاپتا افراد کمیشن کا سربراہ بنا ہوا ہے اور صدر، وزیراعظم، ڈپٹی وزیراعظم سمیت کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ جاویداقبال کو ہٹائیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مسلم لیگ(ن)میں واپسی اب ناممکن ہے لیکن اگر مجھے نواز شریف کی ٹیلیفون کال آجائے تو ان سے ملنے چلا جائوں گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ آئین میں نہیں ہے اور تینوں بڑی جماعتیں گزشتہ 3سال میں ناکام ہوچکی ہیں۔