کراچی (آن لائن) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیپرا رپورٹ نے وفاقی حکومت کی کوتائیوں کے پول کھول کر رکھ دیئے ہیں ۔ پاور کمپنیاں اپنی نااہلی چھپا رہی ہیں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت بجلی سستی نہ کرکے عوام سے ناانصافی کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔ وزارت پانی و بجلی عوام پر بجلی چوروں کے الزام لگا رہی ہے ۔ نیپرا کی رپورٹ نے حکومت کے سب پول کھول کر رکھ دیئے ہیں کیا وزیر پانی و بجلی اب جواب دیں گے کہ اصل چور کون ہیں ؟ وزارت پانی و بجلی کو چاہئے کہ بجلی کے زائد بلوں کو ایڈجسٹ کرے ۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں خاصی کمی آئی ہے لیکن حکومت ہے کہ اس نے بجلی سستی ہی نہیں کی ۔حکومت کو چاہئے کہ وہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے حکومت قوم کو پاور سیکٹر میں ناکامی کی وجوہات سے عوام کو آگاہ کرے جبکہ وزارت پانی و بجلی سمیت وفاقی حکومت کو اپنی کوتاہیوں کو تسلیم کرتے ہوئے بجلی کے معاملے پر سنجیدگی سے سوچنا چاہئے اور صرف باتوں اور نعروں کے بجائے عملی اقدامات بھی کرنے چاہئے ۔