تائی پے(نیوز ڈیسک) تائیوان کی ایک کمپنی نے ریفریجریٹر کی جسامت کا ایک تھری ڈی پرنٹر تیار کیا ہے جو گرما گرم پیزا اور لذیذ بسکٹ منٹوں میں چھاپ کر تیار کرسکتا ہے۔ایکس وائی زیڈ نامی کمپنی کا یہ پرنٹر آپ کی اپ لوڈ کردہ ڈیزائن کے مطابق بھی کھانے تیارکرسکتا ہے، صرف ٹچ اسکرین پر بٹن دباتے ہیں اس کے پائپ سے اشیا بنانے والے اجزا باہر نکلتے ہیں اور پرت در پرت جمع ہونا شروع ہوجاتے ہیں، فی الحال اس میں تین پائپ نصب ہیں جو باری باری اپنے اجزا شامل کرتے رہتے ہیں،اس کے ڈیٹا بیس میں کئی کھانے محفوظ ہیں اور آپ اپنی پسند کے کھانے کی تراکیب بھی شامل کرسکتے ہیں، بہت سے بسکٹ 10 سے 15 منٹ میں بنتے ہیں اور انہیں پکانے میں 10 منٹ لگتے ہیں، بسکٹ کو کسی بھی شکل میں ڈھالا جاسکتا ہے اور یہ ڈائنوسار کی شکل میں بھی بنائے جاسکتے ہیں۔تاہم کیک کی بنیاد آپ کو خود بنانا ہوگی اور پرنٹر اس کی سجاوٹ کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس پرنٹر کو ماہر شیف اور باروچی آزمارہے ہیں اور چین، جاپان سمیت کئی ممالک نے ان سے شراکت کے لیے رابطہ کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اگلے سال اس پرنٹر کی فروخت شروع ہوگی۔