کراچی(این این آئی) اداکار عدنان صدیقی نے اپنی موت کی خبروں کی تردید کردی۔اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کسی غیرمعروف یوٹیوب چینل پر ان کے انتقال کی خبر دی گئی تھی۔ یہ ویڈیو دکھانے کے بعد عدنان صدیقی نے طنزیہ انداز میں اپنے بارے میں کہا کہ بہت اچھے آدمی تھے، اللہ انہیں اپنی جوار رحمت میں اعلی مقام اور اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے، ان کے دوستوں کو خوش و آباد رکھے۔
پھر عدنان صدیقی افسوس کرتے ہوئے بولے بھائیوں میں اس پر کیا کہوں، میں بالکل ٹھیک ہوں، اللہ کا شکر ہے ابھی تک جوں کا توں ہوں اور لائیو ہوں، پتہ نہیں کس نے یہ خبر پھیلا دی ہے۔انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پریشان مت ہوں، مرنا تو برحق ہے، مگر ابھی کچھ دن باقی ہیں، آپ سب لوگ خوش و آباد رہیں اور زندگی سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔
ساتھ ہی عدنان صدیقی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ جو لوگ صحافت اور بریکنگ نیوز کے نام پر میرے انتقال کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، اگلی مرتبہ یہ خبر دینے سے پہلے مجھے موقع ضرور دیجئے گا کہ میں خود آپ کے اسٹوڈیوز آکر اپنی موت کی تصدیق کروں گا اور اپنے تاثراتی کلمات بھی تحریر کروں گا۔ آپ کی غیر ذمہ دارانہ صحافت بھی تو بے عیب نظر آنا چاہیے۔