راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے انقلاب کا جھوٹا نعرہ لگوا کر بغاوت پر اکسایا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواجِ پاکستان تمام اکائیوں، مکاتب فکر اور طبقات کی نمائندگی کرتی ہے، نہ کہ کسی مخصوص اشرافیہ کی عکاسی کرتی ہے،
ان عوامل کی وجہ سے عوام کو کسی صورت بھی افواج سے جدا نہیں کیا جا سکتا اور اس کی گواہی شہداء افواجِ پاکستان کی قبریں بھی دیتی ہیں جو ملک بھر بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ناقابل تردید زمینی حقائق کے باوجود گزشتہ ایک سال میں مذموم سیاسی مقاصد کے حصول اور اقتدار کی ہوس نے ایک جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا چلایا گیا اور چلایا جا رہا ہے جس کا نکتہ عروج بدقسمتی سے 9 مئی کو دیکھا گیا جب پاکستان کے معصوم عوام بالخصوص نوجوانوں سے انقلاب کا جھوٹا نعرہ لگوا کر بغاوت پر اکسایا گیا۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان آرمی کی فیصلہ سازی میں مکمل ہم آہنگی اور وضاحت ہے، اس ضمن میں 9 مئی کے واقعات کے بعد 15 مئی کو جاری کی گئی اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز25 مئی کو یومِ تکریم شہدائے پاکستان کا پیغام اور 7 جون کو فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملٹری قیادت اور افواجِ پاکستان 9 مئی کے واقعات سے جڑے ہوئے پس پردہ عناصر، ان کے سہولت کاروں اور ایجنڈے سے بخوبی آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آرمی جن امور پر بالکل متفق اور واضح ہے وہ یہ ہیں کہ سانحہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ میں نہ بھلایا جائے گا اور نہ ہی ملوث شرپسند عناصر، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو معاف کیا جا سکتا ہے، اس سانحے سے جڑے تمام منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے خلاف آئینِ پاکستان اور قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ادارے، سیاسی جماعت یا معاشرتی حیثیت سے کیوں نہ ہو۔ڈی جی آئی ایس پی نے کہا کہ اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، جس عوامی حمایت کا عکس آپ نے 9 مئی کے بعد عوامی ردِعمل میں دیکھا۔