اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل سم کے غلط استعمال اور اس سے جڑے خدشات کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے ایک نیا اعلامیہ جاری کیا ہے۔پیغام میں شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اپنی موبائل سم کسی دوسرے فرد کے حوالے کرنا قانون کی نظر میں سنگین جرم ہے۔ اگر کوئی شخص آپ کے نام پر رجسٹرڈ سم کا غلط استعمال کرے تو اس کا قانونی ذمہ دار سم کا اصل ہولڈر بھی ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر معلوم کریں کہ ان کے شناختی کارڈ پر کتنی سمیں رجسٹرڈ ہیں۔ اس کے لیے شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس بھیجا جا سکتا ہے۔ اگر کسی غیر متعلقہ یا مشکوک نمبر کی نشاندہی ہو تو اسے فوراً بلاک کروایا جائے۔مزید کہا گیا ہے کہ نئی سم خریدتے وقت صرف مستند فرنچائز یا سرکاری کسٹمر سروس سینٹر سے ہی رجوع کیا جائے تاکہ دھوکے یا غلط اندراج سے بچا جا سکے۔ رہنمائی اور شکایات کے لیے پی ٹی اے کا ٹول فری نمبر 0800-55055 بھی دستیاب ہے۔اتھارٹی نے آخر میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوراً پی ٹی اے سے رابطہ کریں۔













































