دبئی(این این آئی)فلک بوس عمارتوں کے جھرمٹ میں گھرے دبئی میں اب پانچ ارب ڈالر مالیت کا ایک ایسا منصوبہ منصہ شہود پر آنے والا ہے جس میں جنت کے استعارے (چاند)کو آپ زمین پر دیکھ سکیں گے، اس میں رہائش پذیر ہو سکیں گے۔
میڈیاریورٹس کے مطابق کینیڈا کی کاروباری شخصیت مائیکل ہینڈرسن کے اس منصوبے میں، دبئی میں جہاں دنیا کی بلند ترین عمارت پہلے ہی موجود ہے، ایک 30 میٹر یا 100 فٹ بلند عمارت کی چوٹی پر آسماں کے چاند کی ایک 274 میٹر یا 900 فٹ بلند شبیہ تیار کی جائے گی۔ہینڈرسن کے اس پراجیکٹ کو “دی مون” کا نام دیا گیا ہے۔ اگر کسی کو یہ منصوبہ ناممکن معلوم ہو تو یاد رہے کہ دبئی میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹ زوروں پر ہے اور اس کی وجہ ان دولت مند لوگوں کا دبئی منتقل ہونا ہے جو اپنے ملک میں کرونا کی وبا کے دوران پابندیوں سے تنگ آ گئے ہیں یا وہ روسی جو یوکرین کے ساتھ ماسکو کی جنگ کے باعث دبئی میں پناہ لے رہے ہیں۔