گوہاٹی(این این آئی)انڈیا کی شمال مشرقی ریاست آسام کے محکمہ پولیس نے اپنے افسران کو وزن کم کرنے یا پھر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا کہا ہے۔عرب نیوز کے مطابق آسام کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے اعلان کیا کہ اگست میں تمام افسران کا وزن ریکارڈ کیا جائے گا
جبکہ وزن کم کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ اس شرط سے صرف ان افسران کو استثنی حاصل ہے جو صحت کے مسائل کی وجہ سے موٹاپے کا شکار ہیں۔آسام کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے بتایا کہ عوام کا اعتماد بھی دبلے پتلے پولیس افسران کو دیکھ کر بڑھتا ہے۔ عوامی اعتماد کے علاوہ جسمانی طور پر فٹ افسر کو چلنے پھرنے میں زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا اور وہ بغیر کسی مسئلے کے گلیوں میں پیدل چل سکیں گے۔جی پی سنگھ نے بتایا کہ ہر صبح کو ہونے والی جسمانی ٹریننگ میں شامل اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور وہ خوراک کے حوالے سے بھی احتیاط برتنا شروع ہو گئے ہیں۔