لاہور( این این آئی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں پرحملوں، توڑ پھوڑ،تشدد اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شر پسند عناصر کی گرفتاریوں کے لیے پولیس ٹیموں کی کاروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سرکاری و نجی اداروں پرحملوں، توڑ پھوڑ،تشدد اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 35 سو سے زائد ہو گئی ہے اور شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں میں پنجاب بھر میں 162 پولیس افسران اور اہلکار شدید زخمی ہوئے۔پنجاب پولیس کے زیر استعمال 97 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس سٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی ، گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔