لاہور (این این آئی)جناح ہاؤس حملہ کیس میں پولیس نے جیو فینسنگ کر کے 35اہم موبائل نمبرز ٹریک کرلئے ہیں، پولیس کے مطابق تمام موبائل نمبرز 9مئی کو جناح ہاؤس سے آپریٹ ہوتے رہے اور دیگر اہم تنصیبات کی طرف گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں 9نومبر کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں پولیس کو اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ میں 35اہم موبائل نمبرز ٹریک کئے گئے ہیں، تمام موبائل نمبرز 9مئی کو جناح ہاؤس سے آپریٹ ہوتے رہے۔پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے ٹیکنیکل ورکنگ مکمل کرکے سبسکرائبرز کی تفصیلات حاصل کیں، 9مئی کو موبائل نمبروں کی لوکیشنز جناح ہاؤس و دیگر حساس تنصیبات پر پائی گئیں، شارٹ لسٹ موبائل نمبرز جناح ہاؤس کے بعد دیگر تنصیبات کی طرف گئے۔
پولیس کا کہناہے کہ موبائل نمبروں کے صارفین کے نام و پتہ اور موجودہ لوکیشنز ٹریک کی جارہی ہیں، موبائل صارفین مسلسل کئی گھنٹے تک حساس ایریا کی حدود میں ہی رہے۔پولیس نے کہا ہے کہ ان نمبرز کو استعمال کرنیوالے صارفین کے کوائف حاصل کرلئے گئے ہیں،تمام افراد کی سیاسی وابستگی پی ٹی آئی سے پائی گئی ہے۔