مکۃ المکرمہ(نیوزڈیسک) مسجد الحرام میں رواں سال حج کے اختتام تک کرینوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امیر مکہ کے مشیراورمسجد الحرام میں گذشتہ جمعہ کو پیش آنے والے حادثہ کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ ہشام الصالح نے بتایا ہے کہ اس بات کویقینی بنانے کیلئے کہ مسجد الحرام میں جاری تعمیراتی کام کیلئے نصب تمام کرینوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی کمپنی آرامکو اور سعودی کونسل آف انجینئرز کے ماہرین کو طلب کرکے حادثہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ میں حرم شریف کے جن حصوں کو نقصان پہنچا تھا ان کی مرمت کرلی گئی ہے جبکہ متاثرہ کرین کو ہٹانے کیلئے ماہرین کی رائے طلب کرلی گئی ہے اور کرین بنانے والی جرمن کمپنی کے ماہرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔