کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں رینجرز اور پولیس نے دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کر دی۔ مختلف مقابلوں کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر سمیت تین ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کی۔ دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گرد رینجرز اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ اور شہر میں بم دھماکوں میں ملوث ہے۔ نیو کراچی میں رینجرز کے چھاپے کے دوران رینجرز اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس میں دو ٹارگٹ کلر مارے گئے۔ ہلاک ملزمان فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دوسری جانب موچکو میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس میں لیاری گینگ وار سیتعلق رکھنے والے تین دہشت گرد رشید، واحد اور نادر مارے گئے۔ ڈاکس کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم جماعت کا کارندہ مارا گیا۔ پیرآباد میں پولیس نے ٹارگٹ کلرعمران کالا گرفتار کر لیا۔