سوڈان میں پاکستانی سفارتخانے کی عمارت فائرنگ کی زد میں آگئی
خرطوم (این این آئی)سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں پاکستانی سفارت خانہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں کے دوران گولیوں کی زد میں آگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سفارتخانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق چانسری عمارت کو تین گولیاں لگیں۔سفارت خانے نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یہ ویانا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے کیونکہ میزبان حکومت سفارتی مشنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم دونوں فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور سوڈان کی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے سفارت خانے کی سلامتی اور حفاظت کے لیے فوری طور پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کریں۔سفارت خانے نے تمام پاکستانیوں کو گھر پر رہنے اور بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔اس کے بعد کی گئی ایک اور ٹوئٹ میں سفارت خانے نے نوٹ کیا کہ سفارت خانے کی دیوار میں چند گولیاں گھسنے کے بعد سب محفوظ ہیں اور سوڈان میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔