سیول (نیوز ڈیسک) سمارٹ فون کی دنیا میں ایپل اور سام سنگ ایک دوسرے کے بہت بڑے حریف سمجھے جاتے ہیں اور یہ اکثر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ایک ایسی ہی دلچسپ کوشش سام سنگ کے نئے اشتہار میں دیکھنے میں آئی ہے جس میں سام سنگ نے یہ کہہ کر ایپل کا مذاق اڑایا ہے کہ اس کے فون میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر نہیں ہے۔ اس اشتہار میں ایک چارجنگ پیڈ کے اوپر ایک آئی فون رکھ کر دکھایا جاتا ہے اور یہ بالکل تاریک ہی رہتا ہے۔ اس کے برعکس جب چارجنگ پیڈ پر سام سنگ کا فون رکھا جاتا ہے تو وہ جگمگا اٹھتا ہے اور اس کی بیٹری چارج ہونے لگتی ہے۔ اس سے پہلے آئی فون نے اپنے اشتہار میں نعرہ پیش کیا تھا ”اگر یہ آئی فون نہیں، تو یہ آئی فون تو نہ ہوا ناں۔“ اب اس کے جواب میں سام سنگ نے اپنے اشتہار میں کہا ”یہ فون نہیں، یہ تو گیلیکسی ہے۔“ واضح رہے کہ سام سنگ کے گیلیکسی S6، S6ایج، نوٹ 5 اور S6ایج میں وائر لیس چارجنگ کا فیچر موجود ہے، جبکہ آئی فون میں یہ فیچر موجود نہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں